بھٹکل:16/اکتوبر(ایس او نیوز) طلبا نمبرات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین اخلاق پیدا کریں اور پڑھائی کے ذریعے شعور حاصل کریں اس بات کی ہدایت شری گوکرن پرتگالی کے مٹھا دیش شری مد ودیا دھیراج تیرتھ شری پاد وڈیر سوامی جی نے طلبا کو دی۔ وہ یہاں تعلقہ کے شرالی الویکوڑی کی شری درگاپرمیشوری ہال میں شری درگا دیوی چارٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تہنیتی پروگرام میں طلبا کی تہنیت کے بعد خطاب کررہے تھے۔ طلبا سچائی ، سنجیدگی ، عاجزی ، صبر ، احسان جیسی صفات سے متصف ہونا اہم اور ضروری ہے۔ اپنے خاندان کی طرف دھیان دیں، مطالعہ کی عادت میں بہت کمی پائی جارہی ہے اس پر بھی توجہ دیں
رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم تعلیمی میدان پر زیادہ دھیان دیں تو سماج اور ملک کے لئے بہتری ہوگی ۔ سرکار نے بہت ساری سہولیات طلبا کو مہیا کی ہے تاکہ معاشی سطح پر کوئی بھی طالب علم اپنی تعلیم ادھوری نہ چھوڑے، انہوں نے بتایا کہ خدمت خلق میں سب سے بہترین خدمت تعلیمی خدمت ہے۔بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار نے طلبا سے کہاکہ طلبا پڑھائی کےلئے زیادہ وقت دیں، دینے والا ہاتھ کبھی خالی نہیں رہتاتو طلبا ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔
کانگریس لیڈر راماموگیر اور صعنت کار پُتُّو پائی نے بھی خطاب کیا۔ ڈائس پر ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، شرالی گرام پنچایت صدر وینکٹیش نائک، مندر انتظامیہ کے صدر ہنومنت نائک، سرمایہ دار بابوموگیر، گووردھن پرانیک، منجوناتھ کوڈی ہتلو، اروند پائی وغیرہ موجود تھے۔ مندر انتظامیہ کے نارائن نے استقبال کیا تو چارٹیبل ٹرسٹ کے صدر تمپا ہونیمنے نے رپورٹ پیش کی ، روی راج چوکی منے نے شکریہ اداکیا۔ شری دھر شیٹھ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ تعلقہ کے تمام ہائی اسکول کے طلبا جو گذشتہ ایس ایس ایل سی امتحانات میں 90فی صدسے زائد نمبرات سے کامیابی حاصل کی تھی ان تمام کی تہنیت کی گئی ۔